مری26 ,اگست(اے پی پی ): شہر بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ مختلف علاقوں سے میلاد کے جلوس برآمد ہو کر مرکزی جلوس کی جانب رواں دواں ہیں۔
گلی محلوں سے نکلنے والے جلوسوں میں بچے، بڑے اور عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد شریک ہے، جبکہ فضائیں درود و سلام اور “آقا کی آمد مرحبا، سرکار کی آمد مرحبا” کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہی ہیں۔
مختلف مقامات پر میلاد ریلیوں اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چھوٹے بڑے جلوس میلاد چوک مال روڈ پر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے، جہاں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
جشن میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ سول ڈیفنس اہلکار اور رضاکار بھی سکیورٹی و دیگر انتظامات میں معاونت کر رہے ہیں۔
شہر بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔











