اسلام آباد، 20 اگست(اے پی پی): ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ اور اسلام آباد پولیس لائنز کا دورہ کیا۔
پاکستان مونومنٹ پہنچنے پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر انہیں پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے یادگار شہداء اور مونومنٹ کی تاریخی حیثیت کو سراہا۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ کے اعزاز میں اسلام آباد پولیس لائنز میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے خصوصی دستے نے سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اسلام آباد پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے شاندار کارکردگی پر اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











