اسلام آباد ،21اگست )اے پی پی):ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوٹین بن اسماعیل کی سربراہی میں 6 رکنی پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اسپیکر نے ملائیشین وزیر داخلہ اور وفد کی آمد پر خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس باہمی روابط کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تعلیم سمیت دیگر متفرق شعبوں میں بھی تعاون بڑھایا جا سکتا ہے۔
ملائیشین وفد نے پاکستان اور ملائیشیا کے عوام کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ وفد نے پاکستان کی میزبانی اور پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون مسلم دنیا کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ امت مسلمہ کا اتحاد مشترکہ مفادات، سلامتی اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دیتا ہے۔ 2025 کی پاکستان-بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے تحمل، ذمہ داری اور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے تاہم ملکی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو متعدد بار آگاہ کیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے جو تشویش کا باعث ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ اور سفارتی ذرائع بروئے کار لانا ہوں گے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں ایک عالمی مسئلہ ہیں اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مل کر کوشش کرنی ہوگی۔ دنیا کو تنازعات کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کے لیے سفارتی کوشوں کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملائیشین وزیر داخلہ نے ایران-امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان کے امن و سفارت کاری کے کردار کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے 2025 کی پاک-بھارت کشیدگی کے دوران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان عوامی، پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔











