ملتان: شہرِ اولیاء کے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس، کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت

1

ملتان،19اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شہرِ اولیاء ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے عطاالحق کھوکھر نے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرانتظام جاری ترقیاتی منصوبوں جبکہ ایم ڈی واسا ملتان فیصل شوکت نے واسا کے امور اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ ملتان کے ماسٹر پلان پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ایم ڈی اے کا ٹاؤن پلاننگ ونگ غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائے۔

انہوں نے شہر کی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گرین بیلٹس کی بحالی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور رفتار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے ساتھ فیلڈ میں مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی منصوبے میں معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے واسا حکام کو مون سون کے پیش نظر پیشگی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نالوں، ڈرینز اور مین ہولز کی ڈی سلٹنگ کا عمل باقاعدگی سے جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران نکاسی آب کے حوالے سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نورالامین مینگل نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں موجود رہیں اور ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کرتے ہوئے عوامی ریلیف کے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔