اسلام آباد،19اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد تمام کاروباری طبقات کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا اور ٹیکس نظام کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنانا ہے، چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کے لیے متعارف کرائی گئی آسان ٹیکس سکیم اسی مقصد کی جانب اہم قدم ہے۔
آج وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ممبر ایف بی آر حامد عتیق اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تاجروں کی دیرینہ خواہش رہی ہے کہ ٹیکس سکیم کو آسان اور قابلِ عمل بنایا جائے، اسی لیے موجودہ سکیم میں طریقہ کار کو انتہائی سادہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس کی شرح میں غیر ضروری اضافہ کرنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا چاہتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد قومی مالیاتی نظام کا حصہ بنیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان اور کاروباری برادری کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے، اسی مقصد کے تحت مختلف شہروں میں تاجروں اور کاروباری نمائندوں کے ساتھ براہِ راست مشاورتی عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد لاہور اور دیگر شہروں میں بھی مشاورتی نشستیں منعقد کی جائیں گی تاکہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی اولین کوشش سہولت، آگاہی اور مشاورت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی سکیم میں شامل ہو کر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت، ایف بی آر اور تاجر برادری کی مشترکہ کوششوں سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، معیشت کو دستاویزی بنانے اور ٹیکس وصولیوں میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔











