ملتان ڈویژن میں عید میلاد النبی ﷺ کے بھرپور انعقاد کی تیاریاں، 44 مرکزی میلاد اور 220 جلوس برآمد ہوں گے

0

ملتان ,22 اگست (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منانے کے لیے انتظامات تیز کر دیے گئے۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او ملتان عثمان گوندل کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم، سی پی او صادق ڈوگر، علماء کرام، مذہبی رہنماؤں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ربیع الاول کے دوران ملتان ڈویژن میں 44 مرکزی میلاد اور 220 مرکزی جلوس منعقد ہوں گے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس کو مکمل طور پر قابل استعمال بنایا جائے اور صفائی، نکاسی آب سمیت شہریوں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت اور ختم نبوت ﷺ ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ عشق رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ صفائی نصف ایمان کے اصول پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی برقرار رکھیں اور کچرا مقررہ کنٹینرز میں ڈالیں۔ سرکاری پارکس اور عوامی املاک کی حفاظت بھی شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔آر پی او ملتان عثمان گوندل نے بتایا کہ ربیع الاول کے موقع پر ڈویژن بھر میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ 771 واک تھرو گیٹس اور 756 سی سی ٹی وی کیمرے سکیورٹی انتظامات کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی و نکاسی آب کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔سی پی او صادق ڈوگر نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی آمد سے جہالت کے اندھیرے دور ہوئے اور امن و انصاف کا بول بالا ہوا۔ علماء کرام نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے، نوجوان نسل آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی اصلاح کرے اور 12 ربیع الاول کو بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منایا جائے۔اجلاس میں مفتی عثمان، علامہ عنایت اللہ رحمانی، مفتی محمد عثمان پسروری، انجینئر سخاوت علی، علامہ عبدالحق مجاہد، قاری اللہ رکھا، مخدوم سید ظہور حسین شمسی، مخدوم سید عون رضا شمسی سمیت دیگر مذہبی رہنماؤں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔