وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا دورہ مریدکے، ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا

0

لاہور، 22 اگست (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے مریدکے شہر کا دورہ کر کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے برساتی پانی کے نکاس کے لئے زیر تعمیر واٹر ٹینکس کے معائنے کے دوران اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر ( ایم او آئی) کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے زور دیا کہ کھدائی والی سائٹس پر موسم برسات میں سیفٹی کے لازمی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو واٹر سٹوریج ٹینکس مکمل ہوجائیں انہیں ڈرینز کے ساتھ منسلک کیا جائے۔ ایم او آئی سائٹس کا روزانہ دورہ اور کنٹریکٹرز کے کام کی نگرانی کریں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پی ڈی پی کی سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کو 52 شہروں میں ڈویلپمنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پی ڈی پی کا آغاز اگلے 25 سال کی ماسٹر پلاننگ کے ساتھ کیا گیا ہے۔ ذیشان رفیق نے اپنے دورے کے موقع پر ہر ترقیاتی سکیم میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔