ملتان: کمشنر ملتان کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ، فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ

2

ملتان,29 اگست (اے پی پی ): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کے ہمراہ چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا اور فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈین چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر کاشف چشتی نے کمشنر کو ہسپتال میں موجود حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے چلڈرن ایمرجنسی، نرسری، دیگر شعبہ جات اور گیس سلنڈرز کے اسٹوریج ایریا کا معائنہ کیا اور فائر سیفٹی کے انتظامات چیک کئے۔ انہوں نے ایمرجنسی ایگزٹ کی سائن ایج مزید نمایاں بنانے اور ہسپتال میں فائر سیفٹی سائن بورڈز کو واضح اور آسان فہم بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے فائر فائٹنگ آلات کے استعمال کی مرحلہ وار ہدایات نمایاں مقامات پر آویزاں کرنے جبکہ سیکیورٹی گارڈز اور متعلقہ عملے کو فائر ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے عملی تربیت دینے کے احکامات جاری کئے۔کمشنر نے وارڈز میں فائر سیفٹی آگاہی مواد اور مریضوں و لواحقین کی رہنمائی کے لیے تصویری و مرحلہ وار گائیڈز آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں فائر ایمرجنسی سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنایا جائے اور تمام متعلقہ عملے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رکھا جائے۔عامر کریم خاں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔