اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو سید شاہ عبدالطیف کاظمی المعروف بری امام کے 321ویں عرس کے موقع پر مزار پر چادر پوشی کی اور پھول چڑھائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سرکار بری امام کے عرس پر تمام عقیدت مندوں کو مبارک باد پیش کرتےہوئےکہاکہ تصوف کی ایک الگ دنیا ہے،یہ وہ بزرگ ہستیاں ہیں جن کی وجہ سے پاکستان معرض وجود میں آیا،حضور پاک کہتے تھے مجھے اس خطے سے ٹھنڈی ہوا آتی ہے ۔
اسحاق ڈار نےکہاکہ وہ بری امام سرکار کے مزار پرجب بچپن میں آتے تھے تو ماحول اور ہوتا تھا آج ماحول اور ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے بتایا کہ 13 اگست 1999 کونوازشریف نے بری امام سرکار کے دربار پر کام کی ارتھ بریکنگ کرائی لیکن بعد میں ہماری حکومت چلی گئی،2013 میں ہماری حکومت آئی تو دربار کادوبارہ کام شروع کیا ، اب دوسرے فیز پر کام شروع ہوگا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا حضرت داتا گنج بخش ،سرکار بری امام جیسی ہستیوں کی ہمیشہ مجھ پر کرم نوازی رہی ہے۔ہم نے 14 اگست بری امام سرکار کے عرس کا دن رکھا اور انشا اللہ قیامت تک یہ چلتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں پاکستان دنیا کی چوبیسویں بڑی طاقت بن چکا تھا،پاکستان میں اللہ نے ہر چیز رکھی ہے،پاکستان کو اللہ نے ایٹمی قوت بنایا، ،اب پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے پاس بیش قیمت معدنیات ہیں جن سے استفادہ کر کے پاکستان مزید ترقی کرے گا۔انہوں نےکہاکہ پاکستان جب ترقی کرنے لگتا تو اس کیخلاف اندرونی و بیرونی سازشیں شروع ہوجاتیں اب پاکستان کی خوش قسمتی ہے جسے فیلڈ مارشل عاصم منیرجیسا آرمی چیف ملا ہے،دو سال ہوگئے اب ڈیفالٹ کی بات نہیں ہوتی ۔اب سفارتی طور پر پاکستان کا مقام بلند ہوا ہے اور کئی دور رس تبدیلیاں آئی ہیں ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ہمیں اپنی جان سے عزیز ہیں ،پہلے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا گیا اور اب سات اگست کو ترکیہ ، سعودی عرب اور پاکستان نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پر دستخط کیے ہیں،یہ مسلم امہ کے لیے بہت خوشی کی خبر ہے اور یہ سب اللہ کے کرم سے ممکن ہوا۔عرس کی تقریب میں وفاقی وزیر پارلیمانی امورطارق فضل چوہدری،وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور علی ڈار بھی موجود تھے۔











