نیویارک : پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات، قومی استقامت، اتحاد اور قیامِ امن کے عزم کا اعادہ

2

‏نیویارک، 41 اگست (اےپی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، نیویارک کے زیرِ اہتمام آج چانسلری کی عمارت میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔

‏اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے قومی پرچم لہرایا جبکہ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔

‏تقریب میں قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر احمد اتوزئی، ڈپٹی مستقل مندوب سفیر عثمان جدون، مشن اور قونصلیٹ کے افسران و اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

‏تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ملک کے بنیادی نظریات، قومی خودمختاری، امن و سلامتی اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے عزم کی تجدید پر زور دیا۔

‏انہوں نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک غیر معمولی رہنما، دوراندیش مدبر اور ریاست ساز قرار دیا، جنہوں نے نہ صرف آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی بلکہ ایک آزاد قومی ریاست کے قیام کی راہ بھی ہموار کی۔

‏معروف مؤرخ اسٹینلے وولپرٹ کے قائداعظم کے بارے میں مشہور قول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت کم افراد تاریخ کے دھارے کا رخ نمایاں طور پر بدلتے ہیں۔ اس سے بھی کم لوگ دنیا کے نقشے میں تبدیلی لاتے ہیں۔ اور شاید ہی کسی کو ایک قومی ریاست کے قیام کا اعزاز حاصل ہوتا ہے۔ محمد علی جناح نے یہ تینوں کارنامے انجام دیے۔

‏پاکستان کے 14 اگست 1947 سے اب تک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے پاکستانی عوام کی غیر معمولی استقامت، حوصلے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو اجاگر کیا، جنہیں انہوں نے انتہائی نامساعد حالات کے باوجود حاصل کیا۔

‏انہوں نے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی مسلسل ثابت قدمی اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی سرحدوں کے دفاع میں مسلح افواج کی جانب سے مظاہرہ کی جانے والی قوت اور عزم کو اجاگر کیا۔

‏سفیر عاصم افتخار احمد نے دنیا بھر میں پاکستانیوں کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا، جن میں جدت طراز، کھلاڑی، فنکار اور خواتین شامل ہیں جو اپنی صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

‏انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قیام کے بعد سے اہم ساختی اور معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے اور آج بھی مشکلات کے باوجود غیر معمولی استقامت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ایران کے تنازعے میں پاکستان کے ثالثانہ کردار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی عدم استحکام اور تنازعات کے باوجود پاکستان امن اور استحکام کے راستے تلاش کرنے کے عزم پر قائم رہا ہے۔

‏سفیر نے ان ذمہ داریوں پر نئے عزم کے ساتھ توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو ابھی پوری کی جانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو اپنے ملک کے شاندار سفر پر فخر کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ دو دہائیوں کے چیلنجز اور مواقع کے لیے بھی خود کو تیار کرنا ہوگا، جب پاکستان اپنی آزادی کی صد سالہ منزل کی جانب بڑھے گا۔

‏انہوں نے جموں و کشمیر کی عوام کے لیے پاکستان کی مضبوط اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت اور فلسطینی عوام کے آزادی اور حقوق کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، اور جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق اور جائز امنگوں کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کو اجاگر کیا۔

‏انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے اور پاکستان کی معاشی و ترقیاتی پیش رفت کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

‏سفیر عاصم افتخار احمد نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ یکجہتی اور باہمی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دیں اور جہاں کہیں بھی ہوں، پاکستان کے قابلِ فخر نمائندے کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریں۔

‏تقریب میں شریک بچوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا اور اس اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا کہ ایسا پاکستان تعمیر کیا جائے جو ہمیشہ روشن اور تاباں رہے۔

‏اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر احمد اتوزئی نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں اور ان تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوا۔

‏انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آزادی محض ایک ورثہ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری بھی ہے اور قائداعظم کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط آج بھی ہماری رہنمائی کے لیے اتنے ہی اہم ہیں۔ انہوں نے پاکستانی قوم کی استقامت، اتحاد اور اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

‏قونصل جنرل نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو امریکہ میں ان کی نمایاں خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان کے لیے ان کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلاتِ زر، سرمایہ کاری، فلاحی خدمات، علم و تجربے اور پاکستان سے مضبوط وابستگی کے ذریعے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی ملک کی ترقی میں نہایت قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔