نیشنل مائنورٹی ویک: لاہور میں منفرد ہیریٹیج فوٹو واک، سینکڑوں طلبہ کی شرکت

6

لاہور، 10 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر نیشنل مائنورٹی ویک کی تقریبات جاری ہیں، جس کے تحت محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے زیر اہتمام لاہور میں منفرد ہیریٹیج فوٹو واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

فوٹو واک کا آغاز سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل میں دعائیہ تقریب سے ہوا۔ شرکاء نے چرچ آف پاکستان، نولکھا چرچ اور کرشنا مندر سمیت لاہور کے تاریخی مذہبی مقامات کا دورہ کیا اور مختلف مذاہب کے مذہبی و ثقافتی ورثے کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

طلبہ نے تاریخی عمارتوں، عبادت گاہوں اور دیگر مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔فوٹو واک گوردوارہ ڈیرہ صاحب سے ہوتی ہوئی شاہی قلعہ پہنچی، جہاں اس کا اختتام ہوا۔ شرکاء کے لیے خصوصی میوزیکل پرفارمنس کا بھی اہتمام کیا گیا۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے فوٹو واک میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاہور کا مذہبی اور ثقافتی ورثہ صدیوں پر محیط ہے اور مختلف مذاہب کی عبادت گاہیں شہر کی تاریخی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے شاندار مذہبی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کا مذہبی و ثقافتی ورثہ ہم سب کا مشترکہ اثاثہ ہے اور اسے محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور ان کی روایات کے بارے میں آگاہی بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ نیشنل مائنورٹی ویک کی سرگرمیاں مذہبی رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں اور نوجوانوں کو ملک کے متنوع مذہبی و ثقافتی ورثے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔