لاہور، 10 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں معیارِ تعلیم کی بہتری، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے معیارِ تعلیم کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وفد نے پنجاب میں فروغِ تعلیم کے لیے بھرپور تعاون کی پیشکش بھی کی۔ملاقات میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اور محکمہ تعلیم پنجاب کے درمیان اشتراکِ کار کے تحت نواز شریف سکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔آکسفورڈ یونیورسٹی پریس اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپیسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈ اور دیگر تعلیمی امور میں معاونت فراہم کرے گا۔
وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس کے معیار کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کے تعلیمی اقدامات کو سراہا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے محکمہ تعلیم پنجاب کے ساتھ اشتراکِ کار کی پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور دیگر صوبوں کے عوام کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کے عوام کی مشکلات کو بھی وہ دل سے محسوس کرتی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب لوگ سرکاری سکولوں میں اپنے بچوں کے داخلے کے لیے کوشاں نظر آ رہے ہیں، نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلے کے لیے ہزاروں طلبہ کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی معیار کو عالمی سطح پر بہتر بنانے، اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نجی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کرے گی۔











