اسلام آباد،5 اگست ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی(جائیکا) کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان اور جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امید ہے کہ جائیکا کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی چیلنجز پر ٹیم ورک سے قابو پایا گیا ہے اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں صرف تین برس میں سرکاری محصولات دگنی ہوئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر، تکنیکی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ معدنیات کے شعبے کی ترقی بھی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں جائیکاکے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی اور فروغ کے لیے سمیڈا میں اصلاحات کر کے اسے ایک فعال اور مؤثر ادارہ بنایا گیا ہے۔ جائیکا کا سمیڈا کے ساتھ تعاون چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے مفید ثابت ہو گا۔
وزیراعظم نے صدر جائیکا سے جاپان میں حالیہ زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے وزیراعظم کی جانب سے جاپان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس پر تشکر کا اظہار کیا اور پاکستان میں شاندار مہمان نوازی پر بھی شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر تاناکا نے کہا کہ جائیکا اور پاکستان کی شراکت داری اور تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان سے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
جائیکا صدر نے کہا کہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، حنیف عباسی، سردار اویس احمد خان لغاری، شزا فاطمہ خواجہ، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔











