ڈپٹی کمشنر بولان کی قیادت میں ڈھاڈر میں  یومِ استحصالِ کشمیر ریلی

1

کوئٹہ۔ 05 اگست (اے پی پی):پانچ  اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ بولان کے زیرِ اہتمام ڈپٹی کمشنر بولان ممتاز کھیتران کی قیادت میں ضلعی ہیڈکوارٹر ڈھاڈر میں ایک  ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، ملازمین، اساتذہ، طلبہ، پولیس، ریسکیو اہلکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا، جہاں سے شرکا مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے اپنے مقررہ مقام تک پہنچے۔

شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر “کشمیر بنے گا پاکستان، ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں”، “حقِ خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے” اور بھارتی مظالم کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔

ریلی کے دوران شرکاء نے پرامن انداز میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بولان ممتاز کھیتران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک افسوسناک دن ہے، جب بھارت نے  اپنے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر ختم کر کے بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، اور پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ظلم و جبر اور کشمیری عوام کی مشکلات کی جانب مبذول کرانا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور ان کی جائز جدوجہد کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا ریلی کے شرکا  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بولان ممتاز کھیتران نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قومی دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور پوری قوم کشمیر کاز پر متحد ہے۔