اسلام آباد، 27 آگست ( اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے جاز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ڈیجیٹل تبدیلی، مالیاتی شمولیت اور سمڈا و جاز کے درمیان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے عملی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران ہارون اختر خان نے ایس ایم ایز اور چھوٹی دکانوں کے لیے سستے ڈیجیٹل سلوشنز، موبائل قرضوں، انوینٹری و کسٹمر مینجمنٹ اور سیکیورٹی ٹولز کی فراہمی پر زور دیا تاکہ روایتی ذرائع سے محروم تاجروں کو مالیاتی خدمات تک رسائی مل سکے۔
انہوں نے تجاویز دیں کہ جاز اپنے سی ایس آر پروگرام کے تحت واضح کے پی آئیز کے ساتھ پائلٹ پروجیکٹس کا آغاز کرے، جن کی کامیابی کے بعد ان ماڈلز کو قومی سطح پر وسعت دی جائے تاکہ پاکستانی تاجروں کو عالمی منڈیوں میں مسابقتی اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنایا جا سکے۔











