لاہور، 27 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سنکیانگ میں چین کی معروف ڈیری کمپنی ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی حکام نے ان کا وفد سمیت پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈیری کمپنی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور جدید ڈیری فارمنگ و ملک پروسیسنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔
کمپنی حکام نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ڈیری فارمنگ، دودھ کی پروسیسنگ اور مختلف ملک پروڈکٹس کی تیاری کے مراحل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ملک پروسیسنگ کے عمل کا ڈیجیٹل معائنہ بھی کیا اور دودھ، دہی سمیت دیگر مصنوعات کی جدید طریقوں سے تیاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس چین کے مختلف علاقوں میں جدید ترین ڈیری فارمنگ کے حوالے سے معروف ہے، جہاں مویشیوں کی حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق پرورش کی جاتی ہے جبکہ دودھ اور دیگر ڈیری مصنوعات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پروسیس کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو سٹاک کی بہتری اور فروغ کے منصوبے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائشِ نسل کے خصوصی منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مویشیوں کو فربہ کرکے گوشت کی پیداوار کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے اشتراک سے پنجاب میں ملک اور ڈیری پروسیسنگ کے جدید منصوبے قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ کسانوں اور دیہی آبادی کے لیے روزگار اور آمدن کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔











