ملتان میں قبرستانوں کی اراضی واگزار کرانے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن، پختہ تجاوزات مسمار

6

ملتان، 29 اگست (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ ملتان نے قبرستانوں کی سرکاری اراضی واگزار کرانے اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کردیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر حسن پروانہ قبرستان اور ملحقہ قبرستانوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں میونسپل کارپوریشن اور پیرا فورس کی ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے سرکاری اراضی پر قائم پختہ تعمیرات مسمار کرکے قبرستانوں کی اراضی واگزار کرا لی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر سرکاری اراضی واگزار کرانے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ایک انچ سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قبرستانوں کی اراضی پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قبرستانوں کی اراضی کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تجاوزات کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔