وزیراعلیٰ مریم نواز سے ضلع اٹک کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، الیکٹروبس اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

0

لاہور 16 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ضلع کی عوامی ضروریات، ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد بھی پیش کی۔
ارکان اسمبلی نے ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی او ایف سنجوال تا حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبس سروس عوام کے لیے بہترین سفری سہولت ہے۔ انہوں نے اٹک اور گرد و نواح میں الیکٹروبس سروس پر شہریوں کے مثبت ردعمل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے مفت سفری سہولت قابلِ تحسین اقدام ہے، جبکہ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن بھی ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبے دیگر صوبوں کے لیے بھی مثال بن رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر صاف پانی کا منصوبہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صفائی ستھرائی کے بعد اب پورے پنجاب کے شہروں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ان کا عزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز سمیت بڑے قومی منصوبے دیے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔