سوہاوہ ،30 اگست ( اے پی پی): وزیر مملکت ریلوے اور خزانہ بلال اظہر کیانی نے اتوار کو سوہاوہ میں کھلی کچہری منعقد کی جس میں عوامی مسائل اور شکایات سن کر ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔
تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والی کھلی کچہری میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بڑی تعداد میں آئے ہوئے شہریوں کی شکایات کو تفصيل سے سنا اور ان کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے 14 جولائی سے ضلع جہلم کے عوام کے مسائل براہ راست سننے اور ان کے حل کے اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔ یہ کھلی کچہریوں کا دوسرا مرحلہ ہے جس میں جہلم اور دینہ کے بعد آج سوہاوہ میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











