پاک ایتھوپین تعلقات میں اہم پیشرفت،اسلام آباد میں ایتھوپین کافی کیفے کا افتتاح

5

اسلام آباد،30اگست  (اے پی پی):ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹرعمر حسین اوبا نے اتوار کواسلام آباد میں پہلے ایتھوپین  کافی کیفے کا افتتاح کیا جو پاکستان اور ایتھوپیا کے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔افتتاح سے  قبل روایتی ایتھوپین کافی کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ایتھوپین  کمیونٹی، سفارتخانے کے عملے اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایتھوپین سفیر نے کہا کہ کیفے کا افتتاح پاکستان میں ایتھوپین کافی کے باقاعدہ تعارف کی علامت ہے اور جڑواں شہروں میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا مخصوص ایتھوپین  کیفے ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایتھوپیا کو انسانیت کی جائے پیدائش اور عربیکا کافی کی سرزمین ہونے کے باعث بجا طور پر لینڈ آف اوریجنز کہا جاتا ہے۔سفیر نے کہا کہ کیفے کی ملکیت ایک ایتھوپین -پاکستانی جوڑے کے پاس ہونا بھی اس اقدام کو مزید اہم بناتا ہےسفیر نے مزید بتایا کہ کیفے کی ملکیت ایک ایتھوپین -پاکستانی جوڑے کے پاس ہونا اس اقدام کو مزید اہم بناتا ہے، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت اور برادری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیفے کا نام “حبیشہ” رکھا گیا ہے، جو ایتھوپیا کا تاریخی نام ہے اور پاکستانی عوام کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ پاکستانی عوام حضرت بلال حبشیؓ اور حبشہ کے بادشاہ نجاشی سے گہری عقیدت رکھتے ہیں، جنہوں نے ہجرتِ حبشہ کے دوران مسلمانوں کو پناہ دی تھی۔ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ثقافتی تبادلوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔کیفے کے مالک نعیم ہاشمی نے کہا کہ “حبیشہ” کے ذریعے پاکستان اور ایتھوپیا کو مزید قریب لانے کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جہاں دونوں ممالک ایک دوسرے کے فن، ثقافت، موسیقی اور سیاحت سے آگاہی حاصل کر سکیں اور اس کا تبادلہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیفے صرف کافی پیش کرنے کی جگہ نہیں بلکہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ثقافتی اور عوامی روابط کے فروغ کا ذریعہ بھی بنے گا۔