وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی ملاقات

5

اسلام آباد: 21 اگست ( اے پی پی ): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ  داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل کی وزیراعظم ہاؤس، اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 انہوں نے بالخصوص سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے جاری کوششوں کی ملائیشیا کی جانب سے حمایت کو سراہا۔

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ملائیشیا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔