راولپنڈی ،21اگست(اے پی پی):فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں بلوچستان کی سیاسی قیادت اور معززین سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باہمت عوام کی سرزمین ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن و استحکام ہی صوبے کی حقیقی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے، سرمایہ کاری راغب کرنے اور انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں بدلنے کی بنیاد ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں۔ وہ ہماری قوم کا سب سے متحرک اور پرامید طبقہ ہیں۔ پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں کردار کا موقع دینا مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندوستان” دشمن عناصر کے ہاتھوں میں کھیلنے والے غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز ہیں جن کا مقصد بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا، ترقی میں رکاوٹ ڈالنا اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے غیر متزلزل و فیصلہ کن ردعمل سے ان دشمنانہ عزائم کو شکست دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے معززین اور سماجی رہنماؤں کے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی اور تعمیری قومی بیانیے میں کردار کو سراہا۔
انہوں نے دشمن کے پروپیگنڈے کا بلا تاخیر مقابلہ کرنے، جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے اور بلوچستان و اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔
ملاقات میں شریک معززین نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی سے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے امن و استحکام کے خلاف تمام غیر ملکی سرپرستی یافتہ خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم دہرایا۔
معززین نے عوام دوست ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان چاہتے ہیں جہاں صرف سچائی غالب ہو اور دشمنوں کا پروپیگنڈا اپنے جھوٹ میں دفن ہو جائے۔











