وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ڈی چوک آمد، شاندار سٹی پریڈ کے انعقاد پر انتظامیہ سمیت پولیس کا شکریہ ادا کیا

5

اسلام آباد ،15 اگست ( اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ڈی چوک پہنچے اور 14 اگست کے موقع پر منعقدہ شاندار سٹی پریڈ کے انعقاد پر انتظامیہ، پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کے افسروں و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔وزیر داخلہ فرداً فرداً تمام منتظمین سے ملے اور سٹی پریڈ کو کامیاب بنانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے سٹی پریڈ میں بھرپور شرکت پر اسلام آباد کے شہریوں کا بھی اظہار تشکر کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ 12 برس بعد 14 اگست کا جشن ڈی چوک پر قومی جذبے اور جوش و خروش سے منایا گیا۔ سٹی پریڈ کو کامیاب بنانے میں تمام ٹیم اور خصوصی طور پر انڈر 19 نے دن رات محنت کی۔ انہوں نے تمام افسروں اور اہلکاروں کو کامیاب سٹی پریڈ پر مبارکباد دی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کے ہزاروں شہری سٹی پریڈ کے خوبصورت ایونٹس سے بہت محظوظ ہوئے۔ شہریوں نے قومی جذبے کے ساتھ شرکت کی اور مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں نے آج ثابت کردیا کہ پاکستانی زندہ قوم ہیں۔