اسلام آباد،4 1 اگست ( اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی دعوت پر وزارتِ داخلہ کے زیرِ اہتمام 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی سٹی پریڈ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سٹی پریڈ میں شریک شرکاء اور پوری قوم کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں وطنِ عزیز کے قیام کی جدوجہد، قربانیوں اور قومی ذمہ داریوں کی یاد دلاتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سٹی پریڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پولیس فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ثقافتی پروگرام اور ملی نغمے پیش کرنے والے فنکاروں کی بہترین پرفارمنس کو بھی سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے خصوصی آزادی ڈے کے موقع پر سٹی پریڈ کے شاندار انعقاد اور بہترین انتظامات پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن رضا نقوی اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ۔
انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات قومی جذبے، اتحاد اور حب الوطنی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، ہمیں قومی یکجہتی، آئین و جمہوریت کی پاسداری اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنانے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی نے اسپیکر قومی اسمبلی کا سٹی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔











