اسلام آباد: 11 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ملاقات کی اور انہیں اہم عہدے پر نامزدگی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیرِ ریلوے نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ہارون اختر خان کے انتخاب کو بہترین اور درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور وسیع تجربے سے وزارتِ صنعت و پیداوار کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی صنعتی و معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد حنیف عباسی نے زور دیا کہ صنعتی ترقی، سرمائے کی آمد اور روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی ملکی معیشت کی استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور موجودہ حکومت وزیراعظم کی قیادت میں اس ضمن میں موثر اقدامات جاری رکھے گی، جس کے بعد انہوں نے ہارون اختر خان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











