وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

3

کراچی،29 اگست ( اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر و صنعت کار برادری کے نمائندوں سے تفصیلی ملاقات کی۔

 اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم اور ایپ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم ایپ آپریشنل ہو چکی ہے۔ تاجروں اور دکانداروں کے مطالبے پر آسان ٹیکس سکیم لائی گئی ہے۔ یہ سکیم تاجروں اور دکانداروں کے لیے آسانی کا باعث بنے گی جبکہ ٹیکس نیٹ بھی وسیع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے ملک کے مختلف حصوں میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز کا تعین کر لیا گیا ہے۔ اردو زبان میں سادہ اور عام فہم فارم بنایا گیا ہے جسے دکاندار آن لائن بھی آسانی سے جمع کرا سکتے ہیں۔ بتائے گئے سالانہ مال فروخت پر دکاندار ایک فیصد ٹیکس ادا کرے گا۔ اس سکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کے بلوں میں جو ٹیکس کاٹے جائیں گے وہ بھی ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سکیم کا حصہ بننے والے دکاندار کو ایف بی آر سبز رنگ کی رجسٹریشن پلیٹ دے گا۔ جس دکان کے باہر یہ سبز پلیٹ لگی ہوگی، اس دکاندار سے ایف بی آر کا عملہ پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل نہیں ہو سکتا۔ اس سکیم کا حصہ بننے والے دکاندار کا عمومی طور پر کوئی آڈٹ نہیں ہوگا۔ اس ریٹیلر سکیم میں شامل دکاندار کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشین لگانے اور ودہولڈنگ ایجنٹ بننے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام ہر مہینے ایک ہفتہ کراچی میں موجود رہیں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے اس اقدام کا مقصد کاروباری حضرات کے مسائل کو ہر ہفتے موقع پر حل کرنا ہے۔ اس عمل کا آغاز اگست میں ہو چکا ہے اور مستقبل میں بھی ایف بی آر کا عملہ شکایات کے حل کے لیے موقع پر موجود رہے گا۔

 اجلاس میں شریک  کراچی، حیدرآباد اور سکھر کی تاجر و دکاندار تنظیموں کے نمائندوں نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی جانب سے مسلسل رابطہ رکھنے اور کاروباری برادری کی مشکلات کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔