وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ملائیشین ہم منصب کی ملاقات

2

اسلام آباد ،22 اگست ( اے پی پی): ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسیتیون بن اسماعیل  نے وزارت  داخلہ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے   ون آن ون ملاقات کی ہے۔ پاکستان اور ملائیشیا کے وزرائے داخلہ کے درمیان وفود کی سطح پر  مذاکرات ہوئے۔

دونوں جانب سے انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، غیر قانونی امیگریشن اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کوسٹ گارڈز اور تربیتی پروگراموں کے شعبوں میں اشتراک کار پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزارتوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد جلد ملائیشیا کا دورہ کرے گا۔

ملاقات میں دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کی سرکوبی کے لیے انٹیلیجنس شیئرنگ پر اتفاق کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کو موثر بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔  اس کے علاوہ نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے شعبے میں تجربات سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ملائیشیا مسلم ممالک میں تیز رفتار ترقی کرنے والا ملک ہے،امید ہے آپ کا دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو اگلی سطح پر لے جانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیاحت کے فروغ اور ویزا سہولیات میں آسانی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا سیاحت کے لیے پاکستانیوں کے لیے بہترین آپشن ہے۔ پاکستانیوں کے لیے ورک کوٹہ بڑھنے سے مزید پاکستانی قانونی طریقے سے ملائیشیا آ سکیں گے۔