وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے تعینات بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا  کی ملاقات

0

اسلام آباد،25 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی سے پاکستان میں تعینات بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پاکستان اور بیلاروس کے دو مشترکہ تحقیقی منصوبوں کی فنڈنگ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے لیے مشترکہ کمیشن قائم ہے اور مشترکہ سائنسی و تحقیقی منصوبوں پر عملدرآمد مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معیارات، کوالٹی انفراسٹرکچر اور حلال سرٹیفکیشن کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے، جبکہ زرعی مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی کے لیے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری ہے۔

بیلاروس کے سفیر آندرے میٹیلیتسا نے کہا کہ بیلاروس سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کی کمیونیکیشن اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے عالمی اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔