وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرِ صدارت اجلاس، برآمدات بڑھانے اور نئی عالمی منڈیوں تک رسائی پر غور

2

اسلام آباد،25 اگست (اے پی پی):وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت فارن ٹریڈ ونگز کا اہم داخلی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی برآمدات میں اضافے، نئی عالمی منڈیوں تک رسائی اور تجارتی روابط کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر تجارت نے برآمدات بڑھانے کی کوششیں مزید تیز کرنے اور ابھرتی ہوئی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی حوصلہ افزا نمو کو مزید مستحکم بنانے کی ہدایت کی۔

جام کمال خان نے کہا کہ مارکیٹ تنوع، مضبوط کاروباری روابط اور بیرون ملک تجارتی مشنز کے ساتھ مؤثر رابطوں کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے چاول، ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، فارماسیوٹیکل، پراسیسڈ فوڈ، لائٹ انجینئرنگ اور سروسز کے شعبوں کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش اور ترجیحی مصنوعات کی مارکیٹ رسائی کے لیے ملک وار ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر تجارت نے کہا کہ تجارتی معاہدے پاکستان کے لیے متوازن اور بامعنی تجارتی فوائد کے حامل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے زیر التوا جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی اور جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس جلد منعقد کرنے اور وزارت تجارت، وزارت خارجہ، بیرون ملک پاکستانی مشنز اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔

جام کمال خان نے زور دیا کہ ہر تجارتی رابطے کو برآمدات اور سرمایہ کاری کے قابلِ پیمائش نتائج میں تبدیل کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کی عالمی تجارت میں موجودگی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔