اسلام آباد ،13اگست )اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6 میں زیر تعمیر وزارتِ داخلہ کے پہلے جدید ترین “خدمت مرکز” کا دورہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کو منصوبے اور تعمیراتی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار وزارت داخلہ اور اس کے تمام ذیلی اداروں کی مکمل سہولتیں ایک ہی چھت تلے عوام کو دستیاب ہوں گی۔
خدمت مرکز میں شہریوں کو لائسنسز، این او سیز، ویزا، شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور وزارتِ داخلہ کے زیرِ انتظام دیگر تمام عوامی سہولتیں ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی۔مرکز میں جدید پبلک ڈیلنگ ہال، سروس کاؤنٹرز اور کشادہ ویٹنگ ایریا بھی قائم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کو قلیل مدت میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ جس قدر جلد ہو خدمت مرکز کو فنکشنل کیا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ خدمت مرکز کے قیام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تیز، آسان اور باوقار سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔جدید، مربوط اور عوام دوست سروس ڈلیوری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ایف-6 کے خدمت مرکز کو “ماڈل منصوبہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی دیگر شہروں میں بھی عوام کی سہولت کے لیے ایسے خدمت مراکز قائم کیے جائیں گے۔











