ایرانی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور کا دورہ

3

لاہور،13 اگست (اے پی پی): اسلامی جمہوریہ ایران کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اور پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر سے ملاقات کی۔

دوران ملاقات گفتگو میں ایران میں کرکٹ کے فروغ، دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، ایرانی قومی و جونیئر ٹیموں کے لیے کوچنگ کی فراہمی، کھیل کے انفراسٹرکچر کی ترقی اور کرکٹ سامان کی دستیابی سمیت باہمی تکنیکی مہارتوں کے تبادلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے قذافی اسٹیڈیم، کرکٹ میوزیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بھی دورہ کیا اور وہاں میسر جدید ترین تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا،جس کے بعد دونوں اداروں نے خطے میں کرکٹ کے پائیدار فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔