وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس بیورو کا دورہ، اہم اجلاس کی صدارت

3

اسلام آباد،4 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کا دورہ کیا اور اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں یوم پولیس شہداء پر تمام پولیس شہداء کو ہدیہ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پولیس شہداء ہمارے سروں کے تاج ہیں، تاقیامت بھی پولیس شہداء کا احسان نہیں اتار سکتے۔ ہم سب پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اجلاس میں ملک بھر کے لیے یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے نظام کی اصولی منظوری دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ اب نیشنل پولیس بیورو سے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے گا۔ پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ کے پیچیدہ عمل کو تیز اور مکمل آن لائن کر دیا گیا ہے۔ شہری گھر بیٹھے نیشنل پولیس بیورو پورٹل کے ذریعے پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

وزیر داخلہ نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے بھی یکساں نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کلیرنس سرٹیفیکیٹ اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے یکساں نظام سے بیرون ملک جانے والے شہریوں کو آسانی ہو گی۔محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو فعال اور متحرک ادارہ بنانا ہماری ترجیح ہے۔

وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کا معائنہ بھی کیا۔ ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے وزیر داخلہ کو ادارے کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔