اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں عوام کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کے لیے 2 نئے انڈر پاس بنائے جائیں گے۔ کشمیر چوک اور فیصل مسجد انڈر پاس پر کام اگلے ماہ شروع کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں ایمرجنسی 1122 کا باقاعدہ سیٹ اپ نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر فعال ادارہ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ قانونی تقاضے مکمل کرکے کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے چار نئے سینٹرز پر جلد از جلد کام کا آغاز کیا جائے۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے مستقل ریونیو میں اضافے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مالی خود انحصاری کے لیے دیرپا ریونیو ماڈل پر کام کیا جائے۔ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ادارے کی مالی مضبوطی بھی یکساں اہمیت کی حامل ہے۔ ریونیو بڑھانے کے قابلِ عمل منصوبوں پر جلد پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایکسپریس وے سروس روڈ پراجیکٹ پر کام ہر صورت مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف میگا پراجیکٹس پر پیش رفت اور آئندہ منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔











