پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا، وزیراعظم شہباز شریف

3

اسلام آباد،5اگست  (اے پی پی):پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ اور 24   گھنٹے بارڈر  کھلا رکھنے کے لیے سہولیات بڑھانے، بہتر لاجسٹکس،کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی لانے، کان کنی کے شعبے بالخصوص قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی سربراہی میں 6 رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے بہترین ہمسایہ برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور پاکستان اور ایران کے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت کے مزید فروغ کے حوالے سے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے حال ہی میں اچھی گفتگو ہوئی،امید ہے کہ مسلسل کوششوں سے دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف حاصل کیا جائے گا،تجارت بالخصوص خوراک اور زرعی اجناس و مصنوعات کی تجارت کے فروغ سے دونوں ممالک مستفید ہوں گے۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمنائوں کا پیغام دیا۔ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے  کہا کہ پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں اور ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستانی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے،پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے حوالے سے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔