اسلام آباد، 20 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
وفاقی کابینہ نے ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026ء کے مسودے کی منظوری دے دی۔ یہ مسودہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے کی گئی ترامیم کے تسلسل میں تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے اور چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز سے متعلق انتظامی امور کا تعین کرنا ہے۔
کابینہ کی منظوری کے بعد ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026ء کا مسودہ پارلیمان کے جاری اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ء میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔ یہ ترمیم 27ویں آئینی ترمیم کے بعد ضروری قانونی عمل کے طور پر کی گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ء میں ترمیم کا مسودہ بھی منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔











