اسلام آباد، 17 اگست (اے پی پی): انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI)
کے سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (CAMEA)
نے پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ (PAIDAR)
کے اشتراک سے مراکش کے یوم تخت نشینی کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کرمونے جبکہ مہمان اعزاز وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے افریقہ، سفیر حامد اصغر خان تھے۔ صدر PAIDAR
سینیٹر مشاہد حسین سید، مراکش میں پاکستان کے سفیر سید عادل گیلانی، ISSI
کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود، ڈائریکٹر جنرل ISSI
سفیر معین الحق اور ڈائریکٹر CAMEA ڈاکٹر آمنہ خان نے بھی خطاب کیا۔
سفیر معین الحق نے پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستی اور تاریخی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے شاہ محمد ششم کی قیادت میں مراکش کی ترقی اور جدید کاری کو سراہا۔
مراکش کے سفیر محمد کرمونے نے صنعت، سیاحت، قابل تجدید توانائی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں مراکش کی معاشی و سماجی ترقی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور مراکش کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے تحریک آزادی مراکش کے دوران پاکستان کی حمایت اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے قیام میں مراکش کے کردار کو اجاگر کیا۔ سفیر سید عادل گیلانی نے تجارت، زراعت، سرمایہ کاری، تعلیم، سکیورٹی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کو اجاگر کیا۔
سفیر حامد اصغر خان نے مراکش کی سیاحت، غیر ملکی سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال مراکش میں 18 ملین سیاح آئے اور سیاحت سے 14 ارب ڈالر آمدن حاصل ہوئی۔ انہوں نے زراعت، غذائی تحفظ، تعلیم، پانی اور ویسٹ مینجمنٹ میں تعاون کے مواقع پر بھی زور دیا۔
ڈاکٹر آمنہ خان نے مراکش کی افریقہ میں اہم حیثیت اور پاکستان کے لیے اس کی شراکت داری کو اجاگر کیا جبکہ سفیر خالد محمود نے مراکش کو افریقہ اور دنیا کے درمیان اہم پل قرار دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔











