اسلام آباد، 12 اگست(اے پی پی): پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون سے متعلق مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا 9واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور جمہوریہ بیلاروس کے وزیرِ توانائی ڈیانیس ماروز نے کی۔ اجلاس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے جاری تعاون کا جائزہ لینا اور نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
اس موقع پر جام کمال خان اور بیلاروس کے وزیر توانائی نے 9ویں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے متفقہ منٹس/پروٹوکول پر دستخط کیے، جس کے ذریعے دو روزہ مذاکرات کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور باہمی مفاہمت کو باضابطہ شکل دی گئی۔
دونوں فریقوں نے تجارت کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کو سراہا، جس کا مقصد تجارت کے نئے مواقع کی نشاندہی کرنا، تجارتی معاملات سے متعلق مسائل کو حل کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانا ہے۔ دونوں جانب سے خدمات کے شعبے میں دوطرفہ تجارتی معاہدے کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی گروپ کی پیش رفت اور اس کی اس سفارش کو بھی سراہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے تجارت کی ہدایات کے مطابق مذاکرات کی جانب پیش رفت کی جائے۔
صنعتی تعاون کے شعبے میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان جاری دوطرفہ روابط کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
پاکستان نے ایک منظم اور باہمی طور پر متفقہ طریقہ کار کے تحت پاکستانی افرادی قوت کی بیلاروس میں تعیناتی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔ کہا گیا کہ اس اقدام سے نہ صرف بیلاروس کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے بامعنی روزگار اور معاش کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر جمہوریہ بیلاروس کی نیشنل اسٹیٹ ٹیلی ویژن اینڈ ریڈیو کمپنی اور پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے، جو دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان نشریات، مواد کے تبادلے اور پیشہ ورانہ روابط میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرے گی۔











