پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی، انسانی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مؤثر استعمال ضروری ہے، احسن اقبال

4

اسلام آباد۔12اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان میں غذائیت اور ابتدائی بچپن کی نشوونما کے حوالے سے منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، موجودہ دور انسانی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مؤثر استعمال کا دور ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 40 فیصد بچے نشوونما کی کمی کا شکار ہیں، کسی بھی معاشرے کی صحت مند بنیاد بچوں کی زندگی کے پہلے پانچ سالوں میں استوار ہوتی ہے۔ وزارت منصوبہ بندی نے بچوں کی نشوونما کے مسئلے کو تمام صوبوں کے ساتھ مل کر حل کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ابتدائی تعلیم اور ابتدائی بچپن کی نشوونما پر خصوصی توجہ دے، جبکہ ماں اور بچے کی صحت کو حکومتی منصوبوں اور پالیسیوں کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ اگر 2010 میں ان مسائل پر مؤثر اقدامات کرلیے جاتے تو آج ہم کئی چیلنجز سے بہت پہلے نکل چکے ہوتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان کے تحت نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے لیے دس لاکھ نوجوانوں کو ان کے علاقوں میں آگاہی مہم کے لیے شامل کیا جائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے پالیسیوں میں تسلسل ناگزیر ہے، افراتفری ترقی کی راہ میں نقصان دہ ہے۔