پاکستان کی معاشی ترقی اور خود انحصاری کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، احسن اقبال

5

اسلام آباد،12اگست(اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور خود انحصاری کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ہمیں اپنی صنعتی صلاحیتوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑتے ہوئے برآمدات پر مبنی معیشت کی جانب بڑھنا ہوگا۔

آج منصوبہ بندی کمیشن کے زیر اہتمام “پاکستان کی اعلیٰ قدر والی برآمدی استعداد کو بروئے کار لانا: آٹو موٹو صنعت کو درپیش خطرات اور مواقع” کے عنوان سے منعقدہ پالیسی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آٹو موٹو صنعت پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، بہتر بنیادی ڈھانچے اور سازگار پالیسی ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے صنعت کاروں اور متعلقہ شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ پانچ سالہ برآمدی منصوبے تشکیل دیں، جن میں ہر شعبے کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں اور ان کے حصول کے لیے درکار حکومتی معاونت کا بھی تعین کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اب محض گفت و شنید اور مسائل کی نشاندہی کافی نہیں، بلکہ عملی اقدامات اور ان پر مؤثر عمل درآمد کا وقت ہے، نجی شعبے کو برآمدات کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ مل کر عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

احسن اقبال نے ملک بھر میں ضلع کی سطح پر جامع برآمدی منصوبے تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ مقامی صنعتی صلاحیتوں کو عالمی سطح کے مسابقتی برآمدی مراکز میں تبدیل کیا جا سکے۔

اجلاس میں آٹو موٹو شعبے کی برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، پیداواری صلاحیت، بنیادی ڈھانچے اور عالمی منڈیوں تک رسائی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔