اسلام آباد،12 اگست (اے پی پی): پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان جبکہ بیلاروس کے وفد کی قیادت وزیر توانائی دزیانس ماروز نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اور وفود نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی، لیبر و انسانی وسائل، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لینا، ترجیحات کا تعین کرنا اور دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید عملی اور نتیجہ خیز بنانا تھا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا اہم ستون اور تعاون کو اسٹریٹجک سمت دینے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام، مساوات اور مشترکہ خوشحالی کے عزم پر قائم ہیں۔
عالمی اقتصادی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، اس لیے دونوں ممالک کو اپنی شراکت داری کو عملی اور نتیجہ خیز تعاون میں تبدیل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعاون کے حقیقی فوائد دونوں ممالک کی کاروباری برادری، ہنرمند افراد اور عوام تک پہنچنے چاہئیں۔
جام کمال خان نے کہا کہ زراعت اور فوڈ سکیورٹی، لیبر و انسانی وسائل، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت، زرعی ٹیکنالوجی، بیج، پیداوار میں بہتری اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی جبکہ مشترکہ ورکنگ گروپ تجارت کے شعبے میں مستقل رابطے اور پیش رفت کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔
بیلاروس کے وزیر توانائی دزیانس ماروز نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کی قیادت کے درمیان روابط انتہائی دوستانہ اور اعلیٰ سطح پر قائم ہیں اور اعلیٰ سطحی دوروں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کو آگے بڑھانے کا مرکزی پلیٹ فارم ہے۔ زراعت، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ماہرین کی سطح پر جاری ورکنگ گروپس اور اجلاسوں سے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مزید وسیع امکانات موجود ہیں۔
اجلاس میں نواں پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کا ایجنڈا متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط ہوئے، جن کا مقصد دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور عملی شکل دینا ہے۔











