لاہور، 20 اگست (اے پی پی): پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے مشن کے تحت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کینیڈا پہنچ گئے، جہاں ٹورنٹو میں ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ کینیڈا کے زیر اہتمام تقریب میں مسلم لیگ ٹورنٹو کے صدر غوٹ ڈار، چوہدری عامر مبارک، حسن افتخار، عمر بٹ، مسلم لیگ ہیملٹن کے صدر چوہدری ظفر، پارٹی رہنماؤں، سی ای او گلوبل ٹریڈ رانا تنویر اور بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔ کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم، قونصل جنرل ٹورنٹو خلیل احمد باجوہ اور دیگر سفارتی حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن عزیز کے حقیقی سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور معیشت کے استحکام میں اوورسیز پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے، جبکہ خصوصی اقتصادی زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعات دستیاب ہیں، خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کرنے کی سہولت بھی حاصل ہے۔
صوبائی وزیر نے کینیڈین سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ اوورسیز پاکستانی دونوں ممالک کے معاشی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی دوطرفہ معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی مفید تجاویز پیش کریں، ان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ملک کی ترقی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے اپنے استقبال اور میزبانی پر کینیڈا کی پارٹی تنظیم اور اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔دورہ کینیڈا کے دوران چوہدری شافع حسین ورلڈ ٹریڈ ڈیولپرز کے زیر اہتمام لائف اسٹائل ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے ایکسپو کے منتظمین سے ملاقات کرکے بین الاقوامی نمائش کے انعقاد کے امور کا جائزہ بھی لیا۔
صوبائی وزیر ٹورنٹو میں کینیڈا کے تجارت و صنعت اور زراعت کے وزراء، کینولا ایسوسی ایشن کے صدر، کینیڈین سرمایہ کاروں اور سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں پنجاب میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔











