اسلام آباد، 18 اگست ( اے پی پی ): اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم شگری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے منگل کوملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، علاقائی پیش رفت، گلگت بلتستان کی نومنتخب اسمبلی اور خطے کو درپیش اہم مسائل و امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عمران ندیم شگری کو اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان سمیت گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام نومنتخب اراکین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور عوام کی فلاح و بہبود کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ گلگت بلتستان کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان رابطے، ہم آہنگی اور باہمی تعاون کے فروغ کا ایک مؤثر آئینی فورم ہے اور گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی عمران ندیم شگری نے چیئرمین سینیٹ کو گلگت بلتستان کو درپیش مختلف مسائل، سے آگاہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے درپیش مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔











