وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ کے ارکان صوبائی اسمبلی  کی ملاقات

2

لاہور18 ، اگست ( اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکاڑہ کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چوہدری افتخار حسین چھچھڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شامل تھے۔

 اس موقع پر سیاسی صورتحال، ترقیاتی پراجیکٹس اور حلقے کے مسائل حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مسائل کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو 41 اضلاع اور دو تحصیلوں میں مربوط سیف سٹی نیٹ ورک قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

 ارکان صوبائی اسمبلی نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس سڑک کی تعمیر و بحالی پراظہار تشکرکیا اور شہر یوں کیلئے الیکٹروبس کے آغاز پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان صوبائی اسمبلی کو عوام سے بھرپور رابطوں کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب میں عوامی پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلی بارصوبے کے تمام شہروں اور دیہات کو یکساں طور پر ستھرا پنجاب کے ذریعے کلین کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے عوام کی معیار زندگی میں بہتری کی خبریں سن کر دل کو بہت سکون ملتا ہے۔ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کا فرق ختم، ہر شہر ہر گاؤں میں الیکٹروبس چلارہے ہیں۔

ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ الیکٹروبسیں جنرل بس اسٹینڈ سے اختر آباد،کرمانوالہ، اڈہ کسان اور اوکاڑہ یونیورسٹی تک رواں دواں ہیں۔ الیکٹروبس پر طلبہ، خواتین اور بزرگوں کے لئے مفت سفر کی سہولت قابل تحسین ہے۔سیف سٹی اور پولیس کی بدولت پنجاب میں جرائم کی شرح بتدریج کم ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب بہتر سے بہترین کی جانب بڑھ رہا ہے۔ الیکٹروبس، اپنی چھت، اپنا گھر، کسان کارڈعوام میں مقبول پراجیکٹس ہیں۔