چیئرمین سینیٹ سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مستحکم بنانے پر زور

6

اسلام آباد، 21 اگست (اے پی پی): ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وفد کے ہمراہ جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے ملائیشین وزیر داخلہ کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار اور عوامی سطح پر مضبوط روابط پر استوار ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کے ساتھ اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور موجودہ چیئرمین سینیٹ کی حیثیت سے ملائیشیا کے متعدد دورے کیے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ ملائیشیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وہاں گلوبل مسلم بزنس فورم میں شرکت کی، جہاں انہیں فورم کا سرپرستِ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روابط نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس(آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین کے منصب کے لیے ملائیشیا کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر داتو سری جوہری عبداللہ کی جانب سے اپنی نامزدگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے ملائیشیا کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے 5 ہزار کے قریب پاکستانی طلبہ اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک قیمتی پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم ملائیشیا داتو سری انور ابراہیم کے 2024ء میں پاکستان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے 2025ء میں ملائیشیا کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطحی دوروں کے تسلسل سے دوطرفہ تعلقات کو نئی تقویت ملی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے ملائیشیا کے معزز بادشاہ اور ملکہ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ کے جلد پاکستان کے دورے اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے قیدیوں کی بین الاقوامی منتقلی سے متعلق معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور فوجداری معاملات میں باہمی قانونی معاونت کے معاہدے پر مزید پیش رفت کی امید ظاہر کی۔

اقتصادی و تجارتی تعاون پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سیاسی تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ملائیشین سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کے ون ونڈو پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع ملائیشین کاروباری اداروں کو افغانستان، وسطی ایشیا اور مغربی چین تک رسائی فراہم کر سکتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے سیمی کنڈکٹر کی صنعت، دفاعی پیداوار، اور پاکستان کی 60 فیصد سے زائد نوجوان آبادی کے تناظر میں سیکیورٹی گارڈز سمیت دیگر شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی ملائیشیا کو فراہمی پر تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف، مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں اور وزیر مملکت برائے داخلہ نے بھی شرکت کی۔