راولپنڈی، 21 اگست(اے پی پی): جمہوریہ کانگو کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل بنزا مویلامبے جولس کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ملاقات کی۔
جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع و سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت “MoU” پر بھی دستخط کیے گئے۔بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان سے بھی ملاقات اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بنزا مویلامبے جولس نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف، نشان امتیاز (ملٹری)، نشان امتیاز، تمغہ بسالت اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
کانگو کے چیف آف ڈیفنس نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے خودانحصاری اور مقامی سطح پر دفاعی صنعت میں حاصل ہونے والی نمایاں پیشرفت کو بھی سراہا۔











