ڈی ای ایم پی کے زیر اہتمام یوم آزادی کی مناسبت سے پینٹنگ مقابلے اور تصویری نمائش کا انعقاد

1

اسلام آباد۔13اگست  (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی)کے زیر اہتمام پاکستان کے 79ویں  یوم آزادی کی مناسبت سے انفارمیشن سروسز اکیڈمی (آئی ایس اے) اسلام آباد میں پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پینٹنگ مقابلے، تصویری نمائش اور ڈی ای ایم پی کی جانب سے تیار کردہ خصوصی دستاویزی فلم کی نمائش کی گئی جس میں پاکستان کی تاریخ، قومی شناخت، کامیابیوں اور قیام پاکستان سے اب تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی ای ایم پی کا تیار کردہ قومی نغمہ بھی پیش کیا گیا جسے معروف گلوکار ساحر علی بگا نے گایا ہے۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈی ای ایم پی عمرانہ وزیر نے مہمان خصوصی  وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، سینئر افسران، حکام، میڈیا نمائندگان  اور مقابلے میں شریک طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کے قیام کے لیے کی جانے والی تاریخی جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے۔

 انہوں نے پینٹنگ مقابلے میں طلبہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے تخلیقی اظہار سے پاکستان کے حوالے سے ان کے خیالات، امیدوں اور خواہشات کی عکاسی ہوتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات کے وفاقی سیکرٹری اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ معرکہ حق اور مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کی استقامت، اپنی خودمختاری پر اعتماد اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کا ثبوت ہیں۔

 انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ذیلی اداروں کی ذمہ داری پر زور دیا کہ پاکستان کی قومی یادداشت کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ تصاویر، مطبوعات، فلموں، دستاویزی فلموں اور نمائشوں کے ذریعے ملک کی تاریخ، ثقافت، شناخت اور کامیابیوں کو اجاگر کیا جائے۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے اس سلسلے میں ڈی ای ایم پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کے ذریعے محفوظ اور پیش کیے جانے والے مواد مستقبل کی نسلوں کے لیے قیمتی ریکارڈ ثابت ہوں گے اور قومی تاریخ کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے میں مدد دیں گے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر ڈی ای ایم پی کی تیار کردہ خصوصی دستاویزی فلم ’’پاکستان: سفر جاری ہے‘‘ بھی دکھائی گئی جس میں پاکستان کے قیام سے اب تک کے اہم سنگ میل، کامیابیوں اور سفر کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں پیش کی گئی پینٹنگز مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان منعقدہ مقابلے کے ذریعے حاصل کی گئیں جن میں طلبہ نے فن کے ذریعے پاکستان کے حوالے سے اپنے خیالات اور نقطہ نظر کا اظہار کیا۔پینٹنگ مقابلے میں تنزیلہ شاہد نے پہلی،  عائشہ زاہد نے دوسری، ایمان اکبر نے تیسری جبکہ کرسٹینا جون نے چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ اردا حارث، ام ہانی، یسما ندیم، وہاب قریشی اور صفا آصف کو حوصلہ افزائی کے انعامات دیئے گئے۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے مقابلے کے فاتحین اور شرکا میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور اتحاد، ایمان اور تنظیم  کے جذبے کے ساتھ ایک مضبوط، پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔