وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا این سی سی آئی اے  ہیڈ کوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کا اچانک دورہ

2

اسلام آباد،13اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ہیڈ کوارٹرز کی زیر تعمیر عمارت کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے دیکھا کہ اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام سست روی کا شکار ہے اور عمارت میں صرف ایک مزدور کام میں مصروف تھا۔ موقع پر موجود مزدور نے بتایا کہ “9 بندے کام کرتے ہیں، چند روز سے کام رکا ہوا ہے۔

کام کی سست رفتار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محسن نقوی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فون کیا اور ہیڈکوارٹرز کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر کام فوری تیز کرنے کی ہدایت دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے اچانک دورہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت نہ ہونے پر افسوس ہوا۔

وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔