اسلام آباد،6 اگست (اے پی پی):یوم شہدائے پولیس پر ملک کے مختلف شہروں میں منعقدہ تقاریب میں پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کراچی میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ اور کورکمانڈر کراچی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پشاور میں یوم شہدائے پولیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اعلیٰ عسکری، پولیس اور سول حکام شریک ہوئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کورکمانڈر پشاور نے پولیس فورس کے بلند حوصلے اور دہشت گردی کے خلاف ان کے دلیرانہ کردار کو قابلِ فخر قرار دیا۔
خیبرپختونخوا میں مہمند، ڈی آئی خان، دیر، چترال، ہنگو سمیت دیگر مقامات پر بھی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بھی ان تقریبات میں شرکت کی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے پولیس لائنز تربت کا دورہ کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، ژوب، سبی، قلعہ سیف اللہ میں شہدائے پولیس کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کرکے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کوئٹہ، ژوب، تربت اور سبی میں بھی یوم شہدائے پولیس کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔
مقررین نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بہادر پولیس اہلکاروں نے پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم دوہرایا ہے۔
یومِ شہدائے پولیس کی تقریبات اس امر کی غماز ہیں کہ قوم اپنے شہداء کو ہمیشہ عزت، احترام اور عقیدت سے یاد رکھتی ہے۔











