آسان ٹیکس سکیم کے جائزہ اجلاس،رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا جائزہ  

4

اسلام آباد، 15 ستمبر(اے پی پی):  وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت آسان ٹیکس سکیم کے جائزہ اجلاس میں سکیم پر مؤثر عملدرآمد اور تاجروں کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اور تاجر تنظیموں کے نمائندے چاروں صوبوں میں ایف بی آر افسران کے ہمراہ بازاروں میں جا کر دکانداروں کو آسان ٹیکس سکیم کے تحت رجسٹریشن کی سہولت فراہم کریں گے۔

اجلاس میں تاجر تنظیموں کے قائدین اجمل بلوچ اور کاشف چوہدری، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام، چیف کمشنرز، آر ٹی او اسلام آباد اور راولپنڈی شریک ہوئے، جبکہ ملک بھر کے آر ٹی اوز اور سی ٹی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں آسان ٹیکس سکیم پر اب تک کی پیش رفت اور تاجروں کی جانب سے موصول ہونے والے فیڈ بیک کا جائزہ لیا گیا۔ تاجر نمائندے اور ایف بی آر افسران اپنے متعلقہ علاقوں کے بازاروں میں رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس دفاتر کے افسران آئندہ دنوں میں تاجر نمائندوں کے ساتھ مل کر ملک بھر کے بازاروں کا دورہ کریں گے اور دکانداروں کو سکیم میں شمولیت کے لیے سہولت فراہم کریں گے۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سرپرستی میں حکومت نے تاجروں کے مطالبے پر آسان ٹیکس سکیم جاری کی اور اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اس پر مؤثر عملدرآمد کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج آسان ٹیکس سکیم کے تحت اسلام آباد میں پہلی پلیٹ لگائی گئی ہے، جبکہ کل ملک بھر میں سکیم کا حصہ بننے والے دکانداروں کی دکانوں پر پلیٹیں لگائی جائیں گی۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ تاجروں کے لیے سہولت کا باعث بنے گی اور حکومت و تاجر برادری کے باہمی تعاون سے اس سکیم کو کامیاب بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آسان ٹیکس سکیم پر پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور اس تاریخی اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔آئندہ ہفتے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی صدارت میں آسان ٹیکس سکیم پر دوبارہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔