اسلام آباد: احد چیمہ سے آئی ایف سی اور عالمی بینک حکام کی ملاقات، نجی سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال

4

اسلام آباد، 25 ستمبر (اے پی پی 🙁 وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ریجنل ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز اور عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری، ترقیاتی تعاون اور معاشی ترقی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں عالمی بینک گروپ کے تحت آئندہ دس برس کے دوران پاکستان کے لیے سالانہ دو ارب ڈالر تک وسائل متحرک کرنے کے عزم کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احد چیمہ نے پاکستان میں آئی ایف سی کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی ترجیحات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) منصوبے اور ہاؤسنگ فنانس شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حکومت بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے پی پی پی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

احد چیمہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کو مضبوط بنانے اور اس کے کردار کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پی تھری اے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی، جس کے تحت اتھارٹی وزارتوں کو منصوبوں کی تیاری اور مالی وسائل کے حصول میں معاونت فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ہاؤسنگ فنانس کے نظام کو مضبوط بنانے اور لوگوں کے لیے گھروں کی تعمیر آسان بنانے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ہاؤسنگ فنانس کے لیے ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے آئی ایف سی کو ہاؤسنگ فنانس کے فروغ میں تعاون کی دعوت بھی دی۔

آئی ایف سی اور عالمی بینک کے نمائندوں نے حکومت کی جانب سے ایس ایم ایز، پی پی پی منصوبوں اور ہاؤسنگ فنانس کو ترقیاتی ترجیحات میں شامل کرنے کا خیرمقدم کیا اور قابلِ عمل منصوبوں پر حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔